Official Web

اوپن مارکیٹ میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ

اسلام آباد: اوپن مارکیٹ میں دالوں، گھی، چینی کی قیمتوں میں 20 روپے کلو تک کا اضافہ ہوگیا۔

کریانہ مرچنٹس، نان بائیوں نے قیمتوں میں سرکاری اضافہ کے لئے پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس بلانے کی ریکوزیشن دے دی۔ صدر کریانہ مرچنٹ پرویز بٹ کے مطابق دال مونگ 230 روپے سے 250 روپے کلو، دال ماش220 سے 227 روپے کلو، چینی کی قیمت میں 2 روپے کلو تھوک کا اضافہ ہوگیا۔ چینی کی 50 کلو کی بوری اضافہ کے ساتھ 4020 روپے ہوگئی۔

صدر پرویز بٹ کریانہ مرچنٹس ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ سفید چنا کی قیمت 10 روپے، چاول 12 روپے کلو بڑھ گیا، سپلائی میں بھی کمی ہورہی ہے اضافہ کے ساتھ نئی قیمتیں مقرر کی جائیں، وگرنہ ہڑتال پر مجبور ہوں گے۔
اس کے علاوہ سفر آخرت کے لباس ” کفن” کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیا جب کہ پھولوں کی پتیوں کی قیمت میں ریکارڈ کمی دیکھنے میں آئی۔ مردانہ کفن سلا ہوا اضافہ کے ساتھ نارمل 1200 روپےسے 2100 روپے ہوگیا، جب کہ زنانہ کفن سلا ہوا نارمل 1300 روپے سے 2200 سے 2500 روپے کر دیا گیا۔ اس کے علاوہ قبروں پر ڈالنے والے خشک پھول اور چادر نارمل 200 روپے سے بڑھ کر 500 سے 1 ہزار روپے ہوگئی۔

دوسری جانب شادی، ولیمہ، مہندی، سیاسی و سماجی تقریبات ختم ہونے سے پھولوں کے ہار، گجرے، پھولوں کی پتیوں اور مالا کی قیمت کم ہوگئی۔ گلاب کے پھولوں کی پتیاں 400 روپے کلو سے کم ہوکر صرف 100 روپے کلو ہوگئیں جب کہ گلاب کے پھولوں کا ہار صرف 10 روپے، گجرے 8 سے 10 روپے اورمالا کی قیمت 15 روپے ہوگئی۔

Comments
Loading...