Official Web

افغانستان میں طالبان جنگجوؤں کا فوجی چیک پوسٹ پر حملہ، 14 اہلکار ہلاک

کابل: طالبان جنگجوؤں نے صوبے قندوز میں فوجی چیک پوسٹ پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 14 افغان اہلکار ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔

افغان میڈیا کے مطابق صوبے قندوز میں فوجی چیک پوسٹ پر طالبان جنگجوؤں نے دھاوا بول دیا، حملہ آوروں اور اہلکاروں کے درمیان کئی گھنٹوں تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا جس کے دوران 14 فوجی اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔

مقامی طالبان کمانڈرز نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے بتایا کہ افغان فوجیوں کا بڑے پیمانے پر جانی نقصان ہوا ہے جب کہ جنگجوؤں نے بھاری مقدار میں اسلحہ اور جنگی ساز و سامان بھی قبضے میں لے لیا اور ایک چوکی پر قبضہ کرلیا ہے۔

دوسری جانب افغان وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں طالبان حملے میں صرف 5 فوجی اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ جوابی فائرنگ سے کئی جنگجو مارے گئے اور بچ جانے والے بھاگنے پر مجبور ہوئے تاہم ہلاکتوں کی تعداد اور دیگر تفصیلات فرام نہیں کی گئیں۔

واضح رہے کہ امریکا اور طالبان کے درمیان ایک ہفتے کے لیے ایک دوسرے پر پُرتشدد کارروائیوں اور حملوں کو روکنے پر اتفاق کرلیا گیا ہے جس کے بعد طالبان کی جانب سے افغان فوج اور پولیس پر حملوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

Comments
Loading...