Official Web

گلوکار محسن عباس حیدر کا نیا گیت ’روح‘ مداحوں میں مقبول

لاہور: گلوکار واداکار محسن عباس حیدر کے نئے گیت ’’روح‘‘ کو مداحوں کی جانب سے بے حد پسند کیا جارہا ہے۔

محسن عباس کے نئے گیت کو لاکھوں لوگوں نے نہ صرف پسند کیا بلکہ سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر ان کے مداحوں کی جانب سے اس گیت کو مسلسل شیئر بھی کیا جارہا ہے۔

موسیقی سے وابستہ سینئر شخصیات کا کہنا ہے کہ محسن عباس کے گیت ’روح‘ کی دھن لاجواب، شاعری بے مثل اور میوزک ارینجمنٹ کمال کے ہیں، یہی وجہ ہے کہ اس گیت کو جہاں سوشل میڈیا پر زبردست پذیرائی مل رہا ہے وہیں پاکستان اور بھارت میں میوزک سے وابستہ لوگ بھی اس کو پسند کررہے ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ محسن عباس حیدر کی شوبز میں واپسی

گلوکار محسن عباس کا کہنا ہے میں اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں کہ میرے گانے کو اتنی پزیرائی ملی ہے، میں نے جب اس پراجیکٹ پر کام شروع کیا تو اکثر دوستوں کا کہنا تھا کہ کوئی مقبول گیت ری مکس کرکے میوزک انڈسٹری میں انٹری دو تو بہتر ہوگا لیکن میں نے ہمیشہ کوشش کی ہے کہ اوریجنل میوزک پر کام کروں، کیونکہ آج جو گیت مقبول ہیں یا صدا بہار مانے جاتے ہیں وہ اوریجنل تھے اور ری مکس تو پھر ری مکس ہی ہوتا ہے۔

گلوکار نے کہا کہ اسی لئے میں نے روح پر کام کیا اور اس پراجیکٹ میں فراز کھوسہ نے اپنی محنت سے اس کو منفرد بنایا، جس کا نتیجہ ہمارے سامنے ہے۔ روح کی کامیابی کا حقدار میں اکیلا نہیں بلکہ ہر وہ شخص ہے، جس نے اس پراجیکٹ کو کامیاب بنانے میں دل وجان سے کام کیا۔ میں ان تمام لوگوں کا بھی مشکور ہوں جنہوں نے میرے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

واضح رہے محسن عباس حیدر نے گھریلو تنازعات کی وجہ سے شوبز انڈسٹری سے کچھ عرصہ کے لیے کنارہ کشی اختیار کرلی تھی اور پھر انہوں نے اپنے نئے گیت ’روح‘ کے ذریعے انڈسٹری میں واپسی کی ہے۔

Comments
Loading...