Official Web

اردن میں ایک گھر میں آتشزدگی سے 13 پاکستانی شہری جاں بحق

عمان: مغربی اردن میں ایک گھر میں آتشزدگی سے 8 بچوں سمیت 13 پاکستانی شہری جاں بحق اور 3 شدید زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق یہ افسوس ناک واقعہ الکرامہ کے علاقے میں ایک کھیت میں پیش آیا جہاں صبح سویرے ٹین کی چادروں سے بنے گھر میں آگ بھڑک اٹھی۔ آگ اتنی خوفناک تھی کہ اس نے تیزی سے گھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور اندر موجود لوگوں کو جان بچانے کا موقع نہ مل سکا۔ آتش زدگی سے 13 افراد جاں بحق ہوگئے جن میں 8 بچے اور 4 خواتین شامل ہیں۔

حکام نے بتایا کہ اس گھر میں دو پاکستانی خاندان رہائش پذیر تھے۔ زخمیوں کو اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ بعض افراد کے مطابق آگ بجلی کے شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی تاہم حتمی وجہ معلوم نہیں ہوسکی اور واقعے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اردن میں روزگار کے لیے 8 ہزار پاکستانی مقیم ہیں جن میں سے بہت سے لوگ زراعت کے شعبے سے وابستہ ہیں۔

Comments
Loading...