Official Web

کشمیر کاز پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونے دیں، بلاول بھٹو زرداری

جامشورو: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونے دیں گے جب کہ کشمیر کاز پرکوئی پاکستانی کوتاہی برداشت نہیں کرے گا۔

جامشورو میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمارے وزیراعظم نے کشمیریوں کی آواز بننے کی کوشش نہیں کی، وزیراعظم جو بھی اعلان کرتے ہیں اس پر یوٹرن لیتے ہیں، مسئلہ کشمیر پر حکومت کی نااہلی برداشت نہیں کرسکتے اور نہ اس معاملے پر کوئی بھی پاکستانی کسی قسم کی کوتاہی برداشت کرے گا۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو جیل میں بدل دیا، یہ تاریخی حملہ ہے، ذوالفقار بھٹو شہید نے کہا تھا کہ نیند میں بھی کشمیر پر غلطی نہیں کرسکتا لیکن سلیکٹڈ نمائندےغلطی پرغلطی کررہے ہیں، ہماری حکومت ہوتی تو وزیر اعظم پورے ملک کا وزیراعظم ہوتا، ہماراوزیراعظم کشمیریوں کی آواز دنیا تک پہنچاتا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ حکومت غیرجمہوری رویہ اپنارہی ہے،پیپلز پارٹی نے ہر دور میں آمروں کا مقابلہ کیا، سلیکٹڈ حکومت میں یہ اہلیت نہیں کہ وہ ملکی معیشت سنبھال سکے جب کہ کلین کراچی مہم میں کچرا ایک جگہ سے اٹھا کر دوسری جگہ رکھ دیا گیا، ہمارے صوبے اور عوام کا معاشی قتل کیا جارہا ہے، پہلے دن سے کہہ رہے ہیں کہ وفاق این ایف سی کی مد میں صوبے کا حصہ دے، پہلے دن کہا تھا جیل میں بند کرنا ہے تو کردیں پیپلز پارٹی ہرظلم برداشت کرنے کے لئے تیار ہے۔

Comments
Loading...