Official Web

دورہ پاکستان، سری لنکن کرکٹرز کی ناں کو ہاں میں بدلنے کی کوشش

کراچی:  سری لنکا کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کی صورتحال آج واضح ہو جائے گی، سری لنکن وزیرکھیل اور کرکٹ سری لنکا کے حکام اپنے کرکٹرز سے ملاقات کرکے انہیں پاکستان آنے کیلئے قائل کرینگے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان نے سری لنکن ٹیسٹ کپتان دیموتھ کرونا رتنے، فاسٹ باؤلر لسیتھ ملنگا، آل راؤنڈر انجیلو متھیوز سمیت دیگر 9 کھلاڑیوں کے دورے سے انکار کے بعد پی سی بی نے کرکٹ سری لنکا سے رابطہ کیا ہے تاکہ باہمی سیریز پر چھائے خدشات کے بادل ختم کئے جا سکیں اور سری لنکن وزیر کھیل ہرین فرنینڈو پر بھی مقابلوں کو یقینی بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کرنے پر زور دیاگیا ہے۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق تکنیکی طور پر کھلاڑیوں کو دورہ پاکستان پر قائل کرنا کرکٹ سری لنکا کا اندرونی معاملہ ہے لہٰذا اس معاملے پر آفیشل بیان نہیں دے سکتے۔ دونوں ٹیموں کے مابین باہمی سیریز کا آغاز 25 ستمبر سے ہونا ہے اور سری لنکن کھلاڑیوں کے انکار کے باوجود کراچی اور لاہور میں باہمی میچوں کی میزبانی کیلئے بھرپور انداز میں تیاریاں جاری ہیں۔ اطلاعات کے مطابق سری لنکا کے سینئر پلیئرز دیموتھ کرونا رتنے، لسیتھ ملنگا اور انجیلو میتھیوز سمیت دیگر کھلاڑیوں نے اہلخانہ کی جانب سے سکیورٹی کو جواز بنا کر پاکستان کا دورہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

سری لنکن بورڈ میں ایک تجویز یہ بھی سامنے آئی ہے کہ اگر سینئر کھلاڑی دورے پر نہیں جاتے ہیں تو ان کی جگہ دوسرے کھلاڑیوں کو موقع دیا جائے گا۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق کرکٹ سری لنکا دورے کیلئے جیسی بھی ٹیم منتخب کر کے بھیجے گی اس کو کھلے دل کے ساتھ قبول کیا جائے گا تاہم باہمی سیریز کیلئے زیادہ وقت نہ بچنے پر بورڈ کو فکر لاحق ہوگئی ہے کیونکہ محدو د وقت میں لاجسٹک، انتظامی اور دیگر معاملات نمٹانے ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق سری لنکن بورڈ کی جانب سے سینئر کھلاڑیوں کے انکار سے متعلق کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا ہے تاہم دورے کے حوالے سے صورتحال آج واضح ہو جائے گی۔

واضح رہے کہ تقریباً نو سری لنکن کھلاڑیوں کی جانب سے دورہ پاکستان پر تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے جن میں سے تین پلیئرز نے اپنے بورڈ سے باقاعدہ معذرت کر لی۔ سری لنکن وزیر کھیل ہرین فرنینڈو کرکٹ سری لنکا کے اعلیٰ آفیشلز کے ساتھ آج کھلاڑیوں سے ملاقات کریں گے تاکہ انہیں فول پروف سکیورٹی کی یقین دہانی کروا کردورہ پاکستان کیلئے رضامند کیا جا سکے۔

Comments
Loading...