Official Web

بابر اعظم ٹیسٹ کرکٹ میں کارکردگی بہتر بنانے کیلیے فکرمند

لاہور: بابر اعظم ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی کارکردگی بہتر بنانے کیلیے فکرمند ہیں، ان کا کہنا ہے کہ محدود اوورز کے میچز کا ریکارڈ تو اطمینان بخش ہے البتہ میں طویل فارمیٹ میں بھی ملک کیلیے رنز بنانا چاہتا ہوں۔

ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ میں خوب رنز بنانے والے بابر اعظم نے اپنی کاؤنٹی سمرسٹ کی ویب سائٹ کو انٹرویو میں کہاکہ میں محدود اوورز کی کرکٹ میں پاکستان کیلیے اچھی کارکردگی دکھانے میں کامیاب رہا ہوں، میرا ریکارڈ بھی اطمینان بخش ہے تاہم اب ٹیسٹ کرکٹ میں اہلیت منوانا چاہتا ہوں،میری کوشش ہوگی کہ آئندہ میچز میں اپنی اننگز کو طول دیتے ہوئے ملک کیلیے زیادہ سے زیادہ رنز بناؤں۔

انھوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ پاکستانی فتوحات میں اہم کردار ادا کرنے کی کوشش کی،میں چاہتا ہوں کہ اپنے کیریئر کے دوران تینوں فارمیٹ کی کرکٹ میں تسلسل کے ساتھ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کروں

بابر اعظم نے کہاکہ انگلینڈ میں کھیلنے کا تجربہ شاندار رہا، انگلش سرزمین پر پاکستان ٹیم کے ساتھ کھیلتے ہوئے رنز بنانے میں کامیاب ہوا، ورلڈکپ میں اچھی کارکردگی دکھانے کا خواب بھی پورا ہوا، کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کی وجہ سے ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ میں بھی فارم برقرار رہی،کاؤنٹی کا کوچنگ اسٹاف اور مینجمنٹ بڑی سپورٹ کررہی ہے۔ میں اس بات پر بھی خوش ہوں کہ سمرسٹ کے عوام کی توقعات پر پورا اترنے میں کامیاب رہا۔

ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ مجھے12سال کی عمر تک کرکٹ کا کوئی شوق نہیں تھا، اس کے بعد گلی محلے میں کھیلنا شروع کیا، والد نے ایک کلب کی جانب سے کھیلنے کی حوصلہ افزائی کی،انڈر15سے انڈر 23اور ’’اے‘‘ ٹیم میں جگہ بنائی، میں خوش قسمت ہوں کہ ایک سال بعد ہی گرین شرٹ زیب تن کرنے کا موقع مل گیا اور اچھی کارکردگی بھی دکھانے میں کامیاب ہوا۔

Comments
Loading...