Official Web

ڈیل سٹین ٹیسٹ فارمیٹ، برینڈن میکلم کا کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

لاہور: کرکٹ میں ریٹائرمنٹ اعلان کی گونج بڑھنے لگی، جنوبی افریقی بولر ڈیل سٹین نے ٹیسٹ فارمیٹ کو گڈ بائے کہہ دیا جبکہ سابق کیوی کپتان برینڈن میکلم کینیڈا ٹی 20 لیگ کے بعد کھیل ختم کر دیں گے۔

بولنگ میں سٹین گن ثابت ہونے والے چھتیس سالہ ڈیل سٹین ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر، چھتیس سالہ فاسٹ بولر چار سال سے انجریز کا شکار تھے، فٹنس مسائل پر ہی ورلڈکپ بھی ادھورا چھوڑنا پڑا۔ طویل دورانیے کی کرکٹ میں سب سے زیادہ چار سو انتالیس وکٹیں حاصل کرنے والے جنوبی افریقی بولر مختصر دورانیے کی کرکٹ کھیلتے رہیں گے، سینٹرل کنٹریکٹ میں بھی شامل ہیں۔

ادھر نیوزی لینڈ کے سابق کپتان برینڈن میکلم نے کرکٹ سے منہ موڑ لینے کا فیصلہ کر لیا، کینیڈا میں جاری گلوبل ٹی 20 لیگ ان کے کیرئر کا آخری ایونٹ ہو گا۔ جارح مزاج بلے باز ایک سو ایک ٹیسٹ، دو سو ساٹھ ون ڈے اور اکہتر ٹی 20 انٹرنیشنلز میں نیوزی لینڈ کی نمائندگی کر چکے ہیں۔

ان سے پہلے قومی فاسٹ بولر محمد عامر اور وہاب ریاض ٹیسٹ کرکٹ کو گڈ بائے کہہ چکے ہیں جبکہ بلے سے طوفانی اننگز کھیلنے والے کرس گیل نے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لے لیا تھا۔

Comments
Loading...