Official Web

انٹر بینک: امریکی ڈالر 20 پیسے مہنگا، سٹاک مارکیٹ میں بڑی مندی

کراچی:  کاروباری ہفتے کے چوتھے روز ملک میں ڈالر کی قدر ایک مرتبہ پھر بڑھ گئی، انٹر بینک میں امریکی کرنسی 20 پیسے بڑھ گئی۔

دنیا نیوز کے مطابق انٹر بینک میں امریکی ڈالر ایک روزہ گراوٹ کے بعد کاروباری ہفتے کے چوتھے روز 20 پیسے بڑھ گیا جس کے بعد مارکیٹ میں امریکی کرنسی کی نئی قیمت 160 روپے 2 پیسے پر پہنچ گئی ہے۔

ڈیلرز کا کہنا ہے کہ انٹر بینک کی طرح اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت کاروباری ہفتے کے چوتھے روز 10 پیسے بڑھ گئی جس کے بعد امریکی ڈالر کی نئی قیمت 160 روپے 40 پیسے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔

دوسری طرف ملک میں غیر یقینی صورتحال کے باعث پاکستان سٹاک مارکیٹ میں بھی بڑی مندی دیکھی گئی جس کے بعد حصص مارکیٹ انڈیکس کی 6 حدیں گر گئیں۔

ٹریڈنگ کے اختتام پر پاکستان سٹاک مارکیٹ کے 100 انڈیکس میں 672.45 پوائنٹس کی گراوٹ دیکھی گئی جس کے بعد سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 32309.54 کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ ملک میں افراتفری کی صورتحال اور نیب کی طرف سے گرفتاریوں کے بعد انویسٹرز گومگوں کی صورتحال کا شکار ہیں اور مارکیٹ میں پیسے لگانے سے گریز کر رہے ہیں، کاروباری ہفتے کے آخری روز بھی مندی ہو سکتی ہے۔

Comments
Loading...