Official Web

ورلڈکپ سیمی فائنل؛ نیوزی لینڈ کی بھارت کے خلاف بیٹنگ

مانچسٹر: کرکٹ ورلڈکپ 2019 کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کی بھارت کے خلاف بیٹنگ جاری ہے۔

مانچسٹر میں آج کرکٹ ورلڈکپ 2019 کا پہلا سیمی فائنل نیوزی لینڈ اور بھارت کے درمیان کھیلا جارہا ہے جس میں نیوزی لینڈ نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے، نیوزی لینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز مارٹن گپٹل اور ہینری نکولز نے کیا، بھارتی بولرز کی نپی تلی بولنگ کے سامنے نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلے 2 اوورز میں صرف ایک رن ہی بناسکی اور مارٹن گپٹل ایک رن بناکر آؤٹ ہوگئے۔

نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کا کہنا تھا کہ ٹم ساؤتھی کی جگہ لوکی فرگوسن کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے پچ بیٹنگ کےلیے اچھی لگ رہی ہے لہذا اچھا ٹوٹل بنانے کی کوشش کریں گے۔ دوسری جانب بھارتی کپتان ویرات کوہلی کا کہنا تھا کہ ہم ٹاس جیتتے تو پہلے بیٹنگ ہی کرتے جب کہ ٹیم میں کلدیپ یادیو کی جگہ چاہل کو شامل کیا گیا ہے۔

ورلڈکپ کے لیگ میچز میں نیوزی لینڈ اور بھارت کے درمیان میچ بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا تھا تاہم بھارت کو ایونٹ میں اب تک صرف انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، پوائنٹس ٹیبل پر بھارت 7 میچز جیت کر پہلے نمبر پر موجود ہے جب کہ نیوزی لینڈ کو 3 میچز میں شکست ہوئی، 5 جیتے اور ایک میچ بارش کی نذر ہوگیا۔

پوائنٹس ٹیبل پر نیوزی لینڈ کی چوتھی پوزیشن ہے جب کہ دوسرے نمبر پر آسٹریلیا اور تیسرے نمبر پر انگلینڈ موجود ہے، آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان دوسرا سیمی فائنل جمعرات کو برمنگھم میں کھیلا جائے گا۔

Comments
Loading...