Official Web

ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقا کے درمیان میچ بارش کے باعث روک دیا گیا

لندن: جنوبی افریقا نے  ورلڈ کپ کے 15ویں میچ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف  7.3 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 29 رنز بنالیے تاہم بارش کے باعث میچ  روک دیا گیا۔ 

ساؤتھ ایمپٹن کے روز باؤل گراؤنڈ میں ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن ہولڈر نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو پروٹیز  اوپنرز  کوئنٹن ڈی کوک اور ہاشم آملہ نے اننگز کا آغاز کیا۔

جنوبی افریقا کا مجموعی اسکور 11 تھا تو ہاشم آملہ کوٹریل کی گیند کا شکار بن گئے اور کرس گیل کو کیچ دے بیٹھے جس کے بعد دوسری وکٹ  پر ایڈن مارکرم میدان میں اترے اور 5 رنز بنانے کے بعد میدان بدر ہوگئے ۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے دونوں وکٹیں شیلڈن کوٹریل  نے حاصل کیں ۔

گزشتہ ماہ ون ڈے سیریز میں اسی میدان پر انگلینڈ اور پاکستان نے 373 اور 361 رنز  بنائے تھے اور آج کا میچ بھی ہائی اسکورنگ ہونے کا امکان ہے۔

دونوں ٹیموں میں دو دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، جنوبی افریقی ٹیم میں جے پی ڈومنی اور تیریز شمسی کی جگہ ایڈن مارکرم اور بیرون ہیڈرکس کو شامل کیا گیا ہے جب کہ ویسٹ انڈیز نے آندرے رسل اور این لیوس کی جگہ ڈیرن براوو اور کیمر روچ کو شامل کیا ہے۔

پروٹیز ٹیم کوئنٹن ڈی کوک، ہاشم آملہ، کپتان فاف ڈوپلیسی، ایڈن مارکرم، ریسی وین ڈی دوسن، ڈیوڈ ملر، ایندلے پھلکوایو، کرس مورس، کگیسو رابادا، بیرون ہینڈرکس اور عمران طاہر پر مشتمل ہے۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم کرس گیل، ڈیرن براوو، شائے ہوپ، نکولس پورن، شمرون ہیٹمیر، کپتان جیسن ہولڈر، کارلوس بریتھ ویٹ، کیمر روچ، ایشلے نرس، شیلڈن کوٹریل اور اوشانے تھومس شامل ہیں۔

پوائنٹس ٹیبل پر ٹیموں کی پوزیشن

آئی سی سی ورلڈ کپ 2019 کے پوائنٹ ٹیبل پر ویسٹ انڈیز کی ٹیم ساتویں نمبر پر ہے جبکہ جنوبی افریقا کا نمبر نواں ہے، اسی کے ساتھ نیوزی لینڈ 6 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، انگلینڈ اور بھارت کی ٹیمیں 4،4 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔

Comments
Loading...