Official Web

کٹھ پتلی کے فلسفے کو پاکستانی عوام نے مسترد کر دیا: بلاول بھٹو

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ کٹھ پتلی کے فلسفے کو گھوٹکی اور پاکستان کے عوام نے مسترد کیا۔

گھوٹکی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول زرداری کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے سونامی نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی، عوام ریلیف چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام چاہتے ہیں کہ ایک کروڑ نوکریوں اور 50 لاکھ گھروں کے وعدے پورے ہوں، اگر عوام سے کیے گئے وعدے پورے نہ کیے گئے تو پھر پیپلزپارٹی عوام کے ساتھ ہو گی۔

انہوں نے مزید کہا خوش ہوں کہ عمران خان سندھ کو اتنا وقت دے رہے ہیں اور یہاں آکر جلسے کر رہے ہیں، عمران خان سندھ آئیں اور بار بار آئیں لیکن یہاں آکر عوام کو دھوکا نہ دیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم یہاں آکر سندھ کے عوام کے حقوق چھیننے کی کوشش نہ کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ کٹھ پتلی کے فلسفے کو گھوٹکی اور پاکستان کے عوام نے مسترد کیا، سندھ کے عوام نے پیپلز پارٹی کے مقابلے میں تمام جماعتوں کو مسترد کیا۔

انہوں نے کہا کہ مخالفین دھاندلی کے باوجود تمام تر سازشوں کے باوجود سندھ میں الیکشن نہیں جیت سکے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ میں کراچی کا بیٹا ہوں، کراچی میں پیدا ہوا، یہاں کے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے پاس ماضی میں کے ایم سی رہی، تمام اختیارات بھی تھے مگر انہوں نے کچھ نہیں کیا، ایم کیو ایم کو ماضی کی سیاست چھوڑنی ہو گی۔

Comments
Loading...