Official Web

پاک فوج کی جانب سے ایئرڈیفنس فائر پاور کا شاندار مظاہرہ

کراچی: پاک فوج کے ایئرڈیفنس نے کراچی کے قریب واقع فائرنگ رینجز میں اپنی فائر پاور کا شاندار مظاہرہ کیا جس کا مشاہدہ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ اور چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے بھی کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایئر ڈیفنس ویپن سسٹمز کی جانب سے فائرپاور کا مظاہرہ دو ہفتوں سے جاری البیضا 2019 مشق کے اختتامی تقریب کے موقع پر کیا گیا۔

پاک فوج کے ہتھیاروں کی رینج میں حال ہی میں شمولیت اختیار کرنے والے لانگ رینج ایئر ڈیفنس ویپن سسٹم ‘ایل وائی 80’ نے بھی پہلی بار اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا جو اختتامی تقریب کا طرہ امتیاز تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ایل وائی 80 کی شمولیت سے جامع، طَبق دار اور مربوط فضائی دفاعی قابلیت کا تصور پورا ہوا ہے جب کہ ایئر ڈیفنس کی ہلاکت آفرینی میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کے افسران اور جوانوں سے گفتگو بھی کی اور انہیں فائرپاور صلاحیتوں کے کامیاب مظاہرے پر مبارکباد پیش کی۔

آرمی چیف نے کہا کہ ایل وائی 80 نے آرمی ایئر ڈیفنس کے فضائی دفاع کی صلاحیتوں میں اضافہ کیا ہے اور اس سے پاک فضائیہ کی قوت میں بھی اضافہ ہوا ہے جو کہ ملکی فضائی حدود کی نگہبان ہے۔

اس موقع پر پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے بھی ایل وائی 80 کی شمولیت پر پاک فوج کو مبارکباد پیش کی۔ اختتامی تقریب کے موقع پر کور کمانڈر کراچی، آرمی ایئر ڈیفنس کمانڈ کے کمانڈر اور دیگر سینیئر کمانڈرز اور پرنسپل اسٹاف آفیسرز موجود تھے۔

Comments
Loading...